پٹھانےخان کے اہل خانہ کے لیے امداد
پٹھانےخان کے اہل خانہ کے لیے امداد
وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم لوک فنکار پٹھانے خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے خاندان کو دو لاکھ روپے کی امداد جاری کی ہے۔
اس رقم کا ایک چیک پٹھانے خان کے قانونی ورثاء کو وزارتِ اطلاعات اور نشریات کے ایک اہلکار نے ضلع مظفر گڑھ میں ان کے آبائی قصبے کوٹ ادو میں پیر کے روز حوالے کیا۔ وزارت اطلاعات نے وزیر اعظم کے حکم پر یہ مالی امداد فوری طور پر پہنچانے کے انتظامات کیے۔
وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے یہ اقدام لوک فنکار پٹھانے خان کے خاندان کی مالی مشکلات سے دوچار ہونے کی اطلاع ملنے پر اٹھایا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق مرحوم پٹھانے خان کے لواحقین جن میں ان کے بیٹے محمد اقبال، محمد یعقوب، محمد عاشق، اور بیوہ اور بہو نے وزیر اعظم کا اس امداد پر شکریہ ادا کیا۔
پٹھانے خان نے سرائیکی میں حضرت غلام فرید کا عارفانہ کلام گا کر بین الاقوامی شہرت حاصل کی تھی۔ ان کی وفات چوہتر برس کی عمر میں مارچ 2000 میں طویل علالت کے بعد ہوئی تھی۔ وہ چھبیس برس تک ٹی وی اور ریڈیو پر اپنے فن کے جوہر دکھاتے رہے۔
پٹھانے خان نے بھی اپنی زندگی انتہائی کسمپرسی کی حالت میں گزاری۔ انہیں ان کی خدمات کے صلے میں پرائڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ انہیں پی ٹی وی میلینیم ایوارڈ روہی اور دیگر کئی ایواڈ بھی دیے گئے۔
بعض حلقوں نے اس امداد کو کم قرار دیا ہے۔ ان کے بیٹے محمد اقبال نے گزشتہ دنوں اپنے معاشی حالات سے تنگ آ کر اپنے والے کے ایواڈ فروخت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ اقبال کے مطابق یہ ایوارڈ ان کے کسی کام کے نہیں تھے۔ تاہم اب حکومت امداد سے توقع ہے کہ ان کی حالت میں وقتی بہتری آئے گی۔
|