ہنگاموں سے متاثرہ سند ھ کے اضلاع کے انتخابی عملے کی فہرستیں دوبارہ تیار
ہنگاموں سے متاثرہ سند ھ کے اضلاع کے انتخابی عملے کی فہرستیں دوبارہ تیار
اسلام آباد (رپورٹ......... حنیف خالد) الیکشن کمیشن کو سندھ کے ہنگاموں کے متاثرہ 11اضلاع کی پولنگ اسکیمیں موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ ان تمام اضلاع میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنروں کے دفاتر کی مرمت و بحالی کے لئے دن رات کام جاری ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات انتخابی عملے کی فہرستیں دوبارہ تیار کرلی گئی ہیں۔ جبکہ کمپیوٹر‘ فوٹو کاپیئر‘ ٹیلی فون اور دوسرا دفتری ایکوئپمنٹ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ہنگامی بنیادوں پر خرید کر بھجوانا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی کے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے چھاپہ خانوں اور کراچی لاہور کے سکیورٹی پرنٹنگ پریسوں نے ہنگاموں کے بعد تین شفٹوں میں کام کرکے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے بیلٹ پیپرز کی طباعت کا کام مکمل کرلیا ہے۔ ان پانچوں حکومتی چھاپے خانوں میں بیلٹ پیپرز رکھ کر عمارتیں سیل کر دی ہیں اور وہاں فوج کا پہرہ بٹھا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے جوائنٹ سیکرٹری افتخار قریشی‘ رسول بخش جان واحدی‘ ڈپٹی سیکرٹری (الیکشن) سید افتخار شاہ نے الیکشنوں کے انعقاد اور ان کی ملکی و غیرملکی مبصرین سے مانیٹرنگ کے لئے جامع انتظامات کو آخری شکل دے دی ہے۔ چین سے درآمد شدہ4لاکھ 30ہزار ٹرانسپیرنٹ بیلٹ باکس کے لئے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کنور دلشاد نے امریکہ یورپ کے الیکشنوں میں بیلٹ باکس سیل (سربمہر) کرنے والی بین الاقوامی معیار کی سیل درآمد کی ہیں جن کی تعداد 20لاکھ ہے۔ ہر سیل پر خصوصی نمبر لکھا ہوا ہے جسے بدلا نہیں جاسکے گا۔
|