ڈیجیٹل ریسیور اور ڈش انٹینا کی فروخت پر پابندی
ڈیجیٹل ریسیور اور ڈش انٹینا کی فروخت پر پابندی
کراچی(اسٹاف رپورٹر،نمائند گان جنگ،ایجنسیاں) ایمرجنسی کے نفاذ کے بعدنیوز چینلز کی نشریات بند ہونے کے بعد ڈیجیٹل ریسیور اور ڈش انٹینا کی فروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اور پولیس الیکٹرونکس مارکیٹ سے تقریباً دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ڈش انٹینا اور ریسیور اٹھا کر لے گئی۔اس صورتحال پر الیکٹرونکس مارکیٹ میں ڈش اور ریسیور کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے احتجاج کے طور پر دکانیں بند کردیں۔ اسلام آباد راولپنڈی میں پولیس نے سیلز مینوں کو سیٹلائٹ ڈشوں کی فروخت سے روک دیا ہے ، تاہم راولپنڈی کے سٹی پولیس چیف سعود عزیز نے کہا ہے کہ ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے،لاہور میں پولیس ڈنڈے کے زور پر دکانداروں کو کاروبار کرنے سے روک رہی ہے ، پولیس نے ہال روڈ کے تاجروں کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے ڈش انٹینا کی فروخت بند نہ کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، پولیس کی بھاری نفری نے اچانک ہال روڈ کو گھیرے میں لے لیا اور دکانداروں سے بدتمیزی کی۔ملتان سے نمائندہ جنگ کے مطابق پولیس نے دکانداروں کو ڈش انٹینا اور اس سے متعلق دوسرے سامان کی فروخت سے روک دیا،خلاف ورزی کی صورت میں دکانیں سیل کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ملتان شہر میں ڈش انٹینا فروخت کرنے والے دکانداروں محمد شریف، اختر حسین، طفیل احمد، راشد نے جنگ کو بتایا کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے ان کو ڈش انٹینا کی فروخت سے روکا گیا اور کہا گیا کہ اگرڈش انٹینا کی فروخت جاری رکھی تو دکان سیل کرکے سامان ضبط کرلیا جائے گا۔ اس حوالے سے سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تاہم بازار میں الیکٹرونکس کا اسمگل شدہ سامان فروخت کرنے پر کارروائی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کراچی الیکٹرونکس مارکیٹ ریگل اور صدر میں قائم ڈش انٹینا اور ریسیو ر کا کاروبار کرنے والے دکانداروں کی دکانوں پر پولیس کی بھاری نفری نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دکانوں پر موجود دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ڈش انٹینا اور ریسیور اٹھا لیے ۔ اس صورتحال پر احتجاج کرنے پر کئی دکانداروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ٹی وی چینل بند ہونے کے بعد ڈش انٹینا اور ڈیجیٹل ریسیور کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے تاجروں کے ساتھ انتہائی غیر مہذب انداز اختیار کیا گیا اور کسی تاجر کی کوئی بات سنے بغیر سامان ٹرکوں پر لاد دیا جس کے باعث تاجروں میں افراتفری پیدا ہوگئی اور متعلقہ کاروبار کے تاجروں نے احتجاجاً دکانیں بند کردیں۔دکانداروں نے مطالبہ کیا کہ پولیس سے مال واپس کرایا جائے۔ کیبل کے ذریعے دکھائے جانیوالے نیو ز ٹی وی چینلز پرپابندی کے باعث ڈش انٹینا اطلاعات کا بڑا ذریعہ بن گئے ہیں۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|