نوڈیرو میں آصف زرداری سے ممتاز شخصیات کی تعزیت
نوڈیرو میں آصف زرداری سے ممتاز شخصیات کی تعزیت
لاڑکانہ(بیورورپورٹ) نوڈیرو ہاوٴس میں اتوار کو بھی بینظیر بھٹو کی تعزیت کے لئے آنے والوں کا سلسلہ جاری رہا اور دور دراز کے علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد آصف زرداری سے ملاقات کے لئے پہنچتی رہی۔نمایاں شخصیات میں آج پروفیسر حسن عسکری،ممتاز اداکار مصطفی قریشی،درگاہ غریب نواز کے سجادہ نشین سرور چشتی کے نمائندے شیخ محمد ارشد اور دیگر شامل ہیں۔جنگ گروپ کے گروپ ایڈیٹر محمود شام ،ممتاز صحافی مجید عباسی اور اسٹیٹ بینک ڈیموکریٹک ورکس فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لیاقت ساہی نے اتوار کو گڑھی خدا بخش بہنچ کر پیپلزپارٹی کی چےئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقعے پر جنگ کے گروپ ایڈیٹر محمود شام نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعدازاں محمود شام وفد کے دیگر اراکین کے ہمراہ نوڈیرو ہاوٴس پہنچے جہاں انہوں نے آصف زرداری سے بینظیر بھٹو کی تعزیت کی ۔ آصف زرداری نے تعزیت کے بعد محمود شام سے باہمی دلچسپی کے بعض امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔دریں اثنائاس موقع پر آصف زرداری نے آنے والے سوگواروں سے مختلف اوقات میں مختصر خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جس مشن کا آغاز کیا تھا، اس مشن کو مکمل کیا جائے گا اور اس کے لئے عوام اپنے درمیان اتحاد اور تعاون جاری رکھیں ۔پیپلزپارٹی بدلہ لینے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر محترمہ بینظیر بھٹو کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں پر گامزن رہتے ہوئے جمہوریت کی بحالی سے بدلہ لیا جائے گا کیونکہ جمہوریت کا قیام ہی بہترین بدلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ورکروں کے دل غم سے نڈھال ہیں لیکن ہم مایوس نہیں اور ہم سب ایک دوسرے کے دلوں پر مرہم رکھیں گے اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ سات فروری کو محترمہ بینظیر بھٹو کے چہلم کے موقع پر پاکستان کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات منعقد ہونگی اور پارٹی ورکر ایک دوسرے کا غم بانٹیں گے اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ہو گی اور عام لنگر تقسیم کیا جائے گا۔
|