حکمرانوں نے آئین کا حلیہ بگاڑدیا،ق لیگ دھاندلی کے بغیر ایک سیٹ نہیں جیت سکتی،نواز شر یف
حکمرانوں نے آئین کا حلیہ بگاڑدیا،ق لیگ دھاندلی کے بغیر ایک سیٹ نہیں جیت سکتی،نواز شر یف
سکھر (رپورٹ...... شاہدعلی، چوہدری محمد ارشاد) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کے آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے جبکہ (ق) لیگ دھاندلی کے بغیر ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتی ۔انہوں نے کہا کہ عوام انتخابات میں روپ بدل کر ووٹ حاصل کرنے کے لیے آنے والے مسلم لیگ(ق) کے امیدواروں کو مسترد کردیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دولخت ہوا اور بنگلہ دیش بن گیا اور اگر اب بھی غلط فیصلے کئے گئے تو خدشہ ہے پھر کوئی نیا بنگلہ دیش وجود میں نہ آجائے۔میاں محمد نواز شریف پیر کو سکھر گھنٹہ گھر چوک پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر سلیم ضیاء، سابق اسپیکر قومی اسمبلی الہٰی بخش سومرو، سابق گورنر ممنون حسین، مرکزی رہنما نہال ہاشمی،امدادچانڈیو،مخدوم شاہنواز، سید علی حیدرشاہ، حاجی عبدالرزاق عاصی اور این اے 198سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ مسرور لطیف، زاہد ممتاز شورو سمیت دیگر پارٹی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اگر میں معاہدہ کرلیتا تو 7سال جلاوطن رہنے کے بجائے 7دن میں پاکستان واپس آجاتا، لیکن میں نے اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے مفادات کے لیے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی،انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر 1999کو جب ملک میں ایک جمہوری حکومت کا خاتمہ کرکے عوام کے منتخب وزیراعظم کو جیل میں بند کیا گیااور اس اقدام کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلم لیگی کارکنان کو بھی پابندسلاسل کیا گیا تو اس وقت جو لوگ وزیر تھے اور نواز شریف کے ساتھ وفاداریوں میں شامل تھے، وہ صدر پرویز مشرف سے مل گئے اور اپنی وفاداریاں انہیں پیش کردیں لہٰذا عوام روپ بدلنے والے ان (ق) لیگیوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہد کابنیادی مقصد حقیقی جمہوریت کا قیام اور عدلیہ کی مکمل آزادی ہے ،اقتدارمیں آکر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت تمام ججز کو بحال کریں گے۔نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کے خاتمے اور ملک کے منتخب وزیراعظم کو قید کرنے کی وجہ یہ تھی کہ جب بھارت نے 5ایٹمی دھماکے کیے تو میں نے اس کے جواب میں 6ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، مجھے امریکی صدر نے اس وقت پانچ مرتبہ ٹیلیفون کیا، لیکن میں نے ان کے تمام ٹیلیفون کالز کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ دھماکے کیے، آج عوام دیکھ لیں کہ حکمران امریکی صدر کی ایک ٹیلیفون کال پر ڈھیر ہوجاتے ہیں۔ ملک کی سیاست میں فوجی مداخلت کو ہمیشہ کے لیے روکنے میں مسلم لیگ (ن) نے جو جدوجہد شروع کی ہے، وہ ضرور کامیاب ہوگی اور آئندہ کبھی عوام کی منتخب حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاسکے گا ۔انہوں نے کہا ہمارے دور میں آٹا7روپے کلو تھا اور آج22روپے کلو فروخت ہورہا ہے، گھی 50روپے کلو سے 100روپے کلو، اسی طرح دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی سو گنااضافے کی وجہ سے غریب عوام بری طرح متاثر ہوئے ہیں، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو نظربند کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام اور عدلیہ کی مکمل آزادی ہے، ہم نے قوم سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ہم برسراقتدار آکر سب سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سمیت تمام ججز کو بحال کریں گے۔ جن ججز نے عدلیہ کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں،ان پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8سالوں کے دوران ملک میں جو کچھ بھی ہوااس کے ذمے دار کوئی اور نہیں بلکہ وہی لوگ ہیں جو اب آپکے پاس روپ بدل کر ووٹ لینے آرہے ہیں، اس لیے میں عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ (ق) لیگ کے امیدواروں سے یہ سوال ضرور کریں کہ وہ کس بنیاد پر ووٹ مانگنے آئے ہیں، انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا ہے۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|