جیو کی بحالی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ، نثار میمن
جیو کی بحالی کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ، نثار میمن
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر نثار میمن نے کہا ہے کہ جیو ٹی وی کی بحالی کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا ۔ جیو کے علاوہ باقی سارے ٹی وی چینلز بحال کر دیے گئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے، وہ ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں کراچی کے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان میں میڈیا آزاد کیوں نہیں ہے ، کوئی ایسی صورتحال نہیں ہے ، میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے ، 3نومبر کو کوئی اخبار بند نہیں ہوا کسی اخبار پر نہ تو کالے نشانات نظر آئے اور نہ کوئی جگہ خالی چھوڑی گئی۔ میڈیا کو کوئی ایڈوائس بھی نہیں دی گئی، اگر کوئی ایڈوائس دے رہا ہے تو وہ ذاتی طور پر ایسا کر رہا ہوگا، میری طرف سے کوئی ایڈوائس نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ 3 نومبر کو ٹی وی چینلز کی نشریات معطل ہوئیں۔ ایک چینل کے علاوہ باقی تمام چینلز بحال کر دیے گئے ہیں، دو دن پہلے میری جیو انتظامیہ سے بات چیت ہوئی تھی جو بہت حوصلہ افزا تھی انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے، کوئی بڑا آدمی ہو عام آدمی، کوئی چھوٹا ادارہ ہو یا بڑا، قانون سب کیلئے ہوتا ہے ۔ امید ہے کہ جیو کی بحالی کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا ۔ جو بادل چھا گئے تھے امید ہے ان کے چھٹنے کیلئے سب میری مدد کریں گے، ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ احتجاج ختم ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور دیگر اخباری تنظیموں سے ہماری بات چیت ہوئی تھی، ضابطہٴ اخلاق کے بارے میں ان کے خدشات دور کر دیے ہیں، ترمیم شدہ مسودہ اب انہیں بھیجا جائے گا ، اس پر ردعمل کا ہمیں انتظار ہے ، ہمیں اس بات کا بھی انتظار ہے کہ اخباری کارکنوں کے خلاف ایف آئی آرز کی فہرست ہمیں بھیجی جائے گی، ہم ان کا جائزہ لیں گے ، ہمیں اس بات کا بھی انتظار ہے کہ پریس کونسل کیلئے نام دیے جائیں،ایمرجنسی اور پی سی او کے خاتمے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ترمیم شدہ آئین کی بحالی سے پاکستان جمہوری سفر پر واپس آگیا ہے وہ ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں کراچی کے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے ماضی میں آئینی تعطل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ یہ آخری تعطل تھا، پاکستان آئینی طور پر جمہوری سفر پر واپس آگیا ہے ، مجھے یہ بھی امید ہے کہ 8 جنوری کے عام انتخابات کے ذریعے ہم اس جمہوری عمل کو آگے بڑھائیں گے ، نئی اسمبلیوں اور حکومتوں کا استقبال کریں گے اور پاکستان کی بہتری کا سفر آگے جائے گا ۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|