ایمرجنسی کاخاتمہ، ہفتے یااتوارکو3صدارتی احکامات کا اجراء متوقع
ایمرجنسی کاخاتمہ، ہفتے یااتوارکو3صدارتی احکامات کا اجراء متوقع
اسلام آباد (تجزیہ نگار خصوصی … صالح ظافر) آئین کی بحالی اور ایمرجنسی کے خاتمے کے حوالے سے صدر پرویز مشرف ہفتے یا اتوار کو تین احکامات جاری کریں گے تاہم اس سے قبل وہ اپنے خصوصی پی سی او کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے آئین میں متعدد ترامیم کریں گے۔ انتہائی اعلیٰ سطح کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزارت قانون و انصاف کے ماہرین نے ان احکامات کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور انہیں متعلقہ حکام نے کلیئر کردیا ہے۔ ان دستاویزات پر مزید غور کے بعد انہیں صدر کے سامنے دستخط کیلئے پیش کیا جائے گا۔ پہلا حکم نامہ آئینی ترامیم کے حوالے سے ہوگا جس پر پہلے ہی اعلیٰ ترین سطح پر تبادلہ خیال ہوچکا ہے اور حکومتی آئینی ماہرین نے اس کی منظوری دیدی ہے۔ ان آئینی ترامیم کے تحت اسلام آباد میں وفاقی عدالت قائم کی جائے گی۔ صدر مملکت، جنہیں گزشتہ ماہ کی تین تاریخ کو چیف آف آرمی اسٹاف کے جاری کردہ احکامات کے تحت آئین میں ترامیم کا اختیار مل گیا ہے، آخری مرتبہ اس قسم کے احکامات جاری کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئین میں جو ترامیم کی جا رہی ہیں ان سے آئینی ڈھانچے کی بنیادوں میں بنیادی تبدیلیاں آجائیں گی اور اس سے ملک کا عدالتی نظام بڑے پیمانے پر متاثر ہوگا۔ دوسرا حکم نامہ ایمرجنسی کے خاتمے سے متعلق ہے جبکہ تیسرے حکم نامے میں آئین کو بحال کیا جائے گا۔ ان تین احکامات کے بعد بنیادی انسانی حقوق اور عدلیہ کے اختیارات بحال ہوجائیں گے لیکن ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد تشکیل پانے والی عدلیہ بحال رہے گی۔ سیاسی سطح پر اس بات پر تبادلہ خیال ہوتا رہا ہے کہ قومی مفاہمتی آرڈیننس کو نئی قانون سازی کے تحت تحفظ فراہم کیاجائیگا اور اسے آئینی چھتری فراہم کردی جائے گی تاکہ اسے کسی عدالت میں چیلنج نہ کیا جا سکے۔ اس اقدام کے بعد مفاہمتی آرڈیننس سے متعلق تمام تشویش ختم ہوجائے گی اور بینظیر بھٹو کو اعتماد ملے گا۔ ان احکامات کے اجراء کے بعد صدر مملکت آئین میں مزید کوئی تبدیلی کرنے کا اختیار کھو بیٹھیں گے۔ علاوہ ازیں انتظامیہ پر بھی ان کا اختیار ختم ہوجائے گا۔ صدر کے قانونی مشیروں کے دعووں کے باوجود آئینی ماہرین کا خیال ہے کہ صدر کو اپنے تمام اقدامات کو منظور کرانے کیلئے آئندہ پارلیمنٹ سے 18ویں ترمیم منظور کرانی ہوگی جس کے منظور نہ ہونے کی صورت میں پرویز مشرف کو آئین کی دفعہ 6 کے خطرے کا سامنا رہے گا۔
__________________
http://voobuzz.com it's the place where you can talk about things you find interesting, Share updates, photos, videos, and more.
|