انٹرنیٹ ویڈیوز جلد ہی ٹی وی پر بھی دیکھی جا سکیں گی
انٹرنیٹ ویڈیوز جلد ہی ٹی وی پر بھی دیکھی جا سکیں گی
انٹرنیٹ پر مقبولیت حاصل کرنے والی ویڈیو سروس یوٹیوب اب ٹیلی ویژن پر بھی دستیاب ہو سکے گی۔ جاپان کی برقی مصنوعات بنانے والی دو نامور کمپنیوں سونی کارپوریشن اور پینا سانک برانڈ کی مالک ماتسوشیتا الیکٹرک انڈسٹریز نے اعلان کیا ہے کہ وہ موسم بہار میں ایسا پلازما ٹی وی متعارف کروا رہے ہیں جس پر انٹرنیٹ سے حاصل کی گئی ویڈیو فلمیں اور فوٹو دیکھے جا سکیں گے۔ اس طرح کا اعلان منگل کو لاس ویگاس میں منعقدہ کنزیومر الیکٹرانکس شو میں کیا گیا۔
ماتسوشیتا الیکٹرک انڈسٹریز کے مطابق شمالی امریکہ میں موسم بہار تک انٹرنیٹ استعمال کرنے والا پلازما ٹی وی متعارف کروایا جائے گا جس سے یوٹیوب اور گوگل کے فوٹو البم برائوز کر کے بہتر تصویری کوالٹی کے ساتھ دیکھے جا سکیں گے۔ حریف سونی کارپوریشن نے بھی موسم بہار تک جدید ٹی وی کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹی وی کی مدد سے اے اویل، یاہو، سونی پکچرز اور سونی بی ایم جی میوزک کی ویڈیوز اور فوٹو تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔ سونی کے سینئر نائب صدر رینڈی وینک کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ویڈیو ٹی وی کی ارتقاء میں ایک اور اہم قدم ثابت ہو گا۔
|