الیکشن کمیشن اپنے دفاتر نہ بچا سکا تو 18 فروری کو انسانی جانیں کیسے محفوظ رہیں گی‘ ثروت قادری
الیکشن کمیشن اپنے دفاتر نہ بچا سکا تو 18 فروری کو انسانی جانیں کیسے محفوظ رہیں گی‘ ثروت قادری
کراچی (پ ر) الیکشن کمیشن آئینی اختیارات ہونے کے باوجود اپنے دفاتر کو مبینہ تباہی سے نہ بچاسکے تو 18فروری کو انسانی جانیں کیسے محفوظ رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سنی تحریک کے سربراہ محمدثروت اعجاز قادری نے سنی تحریک نیو کراچی‘ لیاری‘ صدر ٹاؤن کی سیاسی کمیٹیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کا یہ کہنا کہ حکومت سے مفاہمت نہ ہونے کی صورت میں مشروط استعفیٰ دینے کو تیار ہیں‘ کیا ہی اچھا ہوگا کہ ملک کے عظیم ترین مفاد میں محب وطن عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے الیکشن سے قبل ہی مفاہمت ہوجائے تو شاید ہم دنیا میں سر اٹھاکر چل سکیں اور ہمارا شمار بھی جمہوری ریاستوں میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت اثر و رسوخ سے پاک انتخابات کرانے کیلئے آزادانہ الیکشن اتھارٹی قائم کرے اور آزادانہ الیکشن کی بے لاک آئینی قوت کا مظاہرہ نہ صرف حزب اقتدار بلکہ حزب اختلاف کیلئے بھی یکساں ہو۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی باقاعدہ وزیراعظم کے طور پر مہم چلاکر ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں اور دوسرے اتحادی تعصب اور لسانی بنیاد پر کھلے خط تقسیم کررہے ہیں اور کسی نے بھی سانحہ لیاقت باغ کی بے رحمانہ غفلت پر صوبائی گورنر نگراں حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا جبکہ ملک کی باقی نمائندہ اپوزیشن پارٹیوں کو لاقانونیت کا سامنا ہے۔
|