الطاف حسین کا صدر سے رابطہ، ہنگاموں کے متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی اپیل
الطاف حسین کا صدر سے رابطہ، ہنگاموں کے متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی اپیل
لندن (پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پیر کی شب صدر مملکت پرویز مشرف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوں نے صدرمملکت کو بتایا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونیوالی لوٹ مار اور قتل و غارتگری کے دوران جن غریب و متوسط طبقہ کے عوام کی گاڑیوں، گھروں اور دکانوں کو لوٹا اور جلایا گیا، ان میں بہت سارے خاندان شدید کسمپرسی کا شکار ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور اس کا فلاحی ادارہ خدمت خلق فاؤنڈیشن ان متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن مدد کر رہا ہے اور ایم کیو ایم نے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے شکایتی سیل بھی قائم کئے ہیں۔ الطاف حسین نے صدرمملکت پرویز مشرف سے اپیل کی کہ ان متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور کوششیں تیز کی جائیں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ اسی طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر فیکٹریوں اور کارخانوں کو جلایا اور لوٹاگیا۔ ان فیکٹریوں میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین اور مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں جبکہ فیکٹری مالکان کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان فیکٹری مالکان کی ہرممکنہ مدد کی جائے اور انہیں ٹیکسوں میں چھوٹ، مشینوں کی درآمد میں رعایت اور دیگر اقدامات کے ذریعے مدد فراہم کی جائے۔ صدر پرویز مشرف نے الطاف حسین کو بتایا کہ حکومت نے اس حوالے سے ایک کمیشن تشکیل دیدیا ہے جو تمام نقصانات کی تفصیلات جمع کر رہا ہے اور متاثرہ افراد اور خاندانوں کی جو بھی مدد کی جاسکتی ہے، وہ حکومت ضرور کرے گی اور اس ضمن میں کی جانیوالی کوششوں کو تیز کیا جائیگا۔
|